میسورو25؍جولائی (ایس او نیوز)کسی مقد س ندی یا دریامیں غرق ہوکر جان دینے سے مکتی(نجات) ملنے کا عقیدہ دل ودماغ میں گھر کرجانے کی وجہ سے ایک بزرگ جوڑے نے ننجنگڈو ضلع میں کپیلا ندی میں ایک ساتھ چھلانگ لگادی۔مگر قسمت کا کھیل دیکھئے کہ اس اقدام کے بعد شوہر تو جان سے گیا مگر بیوی زندہ بچ گئی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ہیبال بنگلورو کے رہنے والے ناگراجو(70سال) اور کلاوتی (60سال) نے آئندہ کسی بیماری کا شکار ہونے سے پہلے ایک ساتھ اس دنیا سے رخصت ہوکر موت کے بعد والی زندگی میں اپنا مقام محفوظ کرنے کی نیت سے سوچ سمجھ کربیک وقت مقدس ندی میں کود کر موت کوگلے سے لگانے کا فیصلہ کیا اور اپنے اس منصوبے پرعمل کرنے کے لئے انہوں نے کپیلا ندی کا انتخاب کیا۔
اس تعلق سے ننجنگڈوپولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔ناگراجو کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجنے کے علاوہ کلاوتی کو علاج معالجے کے لئے سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔